(Zarb-e-Kaleem-131) (رومی) Rumi

رومی

غلط نگر ہے تری چشم نیم باز اب تک
ترا وجود ترے واسطے ہے راز اب تک

چشم نيم باز: آدھی کھلی آنکھ۔

ترا نیاز نہیں آشنائے ناز اب تک
کہ ہے قیام سے خالی تری نماز اب تک

گسستہ تار ہے تیری خودی کا ساز اب تک
کہ تو ہے نغمہ رومی سے بے نیاز اب تک!

گسستہ تار: ٹوٹا ہوا تار۔


 

اس نظم میں ہم کو اقبال نے رومی کے مرتبہ اور مقام سے آگاہ کیا ہے. اگرچہ وہ لوگ جنہوں نے کلام اقبال کا بالاستیعاب مطالعہ کیا ہے. رومی کے مقام سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے اس نظم کے محتاج نہیں ہوسکتے لیکن اقبال نے یہ خراج رومی کی بارگاہ میں اپنی بے پناہ عقیدت کی بنا پر پیش کیا ہے. جیسا کہ میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں، کلام اللہ شریف اور حدیث رسول اللہ کے بعد مثنوی سے اقبال نے سب سے زیادہ استفادہ کیا ہے. اور ان کی عقیدت کا اندازہ اس بات سے ہوسکتا ہے کہ انہوں نے وہی مسلک اختیار کرلیا جو مولانا روم کا تھا یعنی عقل پر عشق کی برتری فرماتے ہیں.

اے مخاطب! یہ ایک حقیقت ثابتہ ہے کہ تو کائنات میں کسی شئے کی حقیقت سے واقف نہیں ہے. بلکہ تو خود اپنے وجود سے آگاہ نہیں ہے تو ابھی تک یہ نہیں سمجھ سکا کے خود میں کیا ہوں؟

تیرے اندر نیاز، احتیاج اور محکومی کی شان تو موجود ہے لیکن تیرے اندر ناز، استغنا اور حکومت کی شان پیدا نہیں ہوئی تو خود بادشاہوں کے دروازے پر جاتا ہے لیکن کوئی بادشاہ تیرے اندر دروازے پر نہیں آتا. تیری نماز، قیام سے خالی ہے. یعنی تو اللہ کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑا نہیں ہوتا بلکہ ارباب حکومت کی چوکھٹ پر مسلسل سجدے کرتا رہتا ہے. بالفاظ دگر تو نماز تو پڑھتا ہے لیکن اس میں سجدہ ہی سجدہ ہے. قیام کہیں نظر نہیں آتا. حالانکہ نماز میں سجدے کے علاوہ قیام بھی ہوتا ہے.

مختصر یہ کہ تیری خودی کے ساز کے سب تار ٹوٹے ہوئے ہیں یعنی تیری خودی بیکار ہو چکی ہے. دنیا میں اس کی کوئی قیمت نہیں. کیا تو جانتا ہے کہ ان سب امراض کا باعث کیا ہے؟ ان کا باعث یہ ہے کہ تو نے ابھی تک مثنوی مولانا روم کا مطالعہ کرکے اس کی تعلیم پر عمل نہیں کیا اور مثنوی کی تعلیم کا خلاصہ کیا ہے کہ حضور سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرو اور چونکہ اطاعت کے لیے محبت لازمی ہے اس لیے حضور کی ذات سے عشق کرو. الغرض عشق رسول تمام بیماریوں کا علاج ہے. چنانچہ مولانا خود فرماتے ہیں.

شادباش اے عشق خوش سودائے ما
دے طبیعت جملہ علتہائے ما
اے دوائے نخوت وناموس ما
اے تو افلاطون و جالینوسِ ما

%d bloggers like this:
search previous next tag category expand menu location phone mail time cart zoom edit close