(Zarb-e-Kaleem-176) (نصیحت) Nasihat

نصیحت

اک لرد فرنگی نے کہا اپنے پسر سے
منظر وہ طلب کر کہ تری آنکھ نہ ہو سیر

بیچارے کے حق میں ہے یہی سب سے بڑا ظلم
برے پہ اگر فاش کریں قاعدہ شیر

برہ: بھیڑ کا بچہ۔

سینے میں رہے راز ملوکانہ تو بہتر
کرتے نہیں محکوم کو تیغوں سے کبھی زیر

تعلیم کے تیزاب میں ڈال اس کی خودی کو
ہو جائے ملائم تو جدھر چاہے، اسے پھیر

تاثیر میں اکسیر سے بڑھ کر ہے یہ تیزاب
سونے کا ہمالہ ہو تو مٹی کا ہے اک ڈھیر


‏دلپذیز نظم اقبال نے مغربی سیاست کے ایک اہم پہلو کو بے نقاب کیا ہے اور وہ یہ ہے کہ پہلے زمانہ میں جو کام تلوار سے لیا جاتا ہے اس زمانہ تعلیم سے لیا جاتا ہے کہتے ہیں کہ
ایک فرنگی سیاستدان نے اپنے بیٹے سے یہ کہا کہ سطحی باتوں پر توجہ کرنے کے بجائے، حقائق پر غور کر یعنی حکومت کے رموز سمجھ.
‏ محکوم قوموں پر اپنی حکومت کے مخفی اصول کبھی واضح مت کر، تو اگر ان کو اپنے طریق کار سے آگاہ کر دے گا تو وہ تیرے جال میں ہرگز نہیں پھنس سکیں گے.
حکومت کے اسرارورموز ہمیشہ محکوموں سے پوشیدہ رکھے جاتے ہیں اور حکومت کا طریقہ یہ ہے کہ محکوم کو تلوار سے زیر نہیں کیا کرتے.

بلکہ ان کے لیے ایسا نصاب تعلیم مدون کرتے ہیں کہ اس کے بدولت ان کی خودی مردہ ہو جائے اور حریت کے جذبات کو فنا ہوجائیں اور جب وہ خوئے غلامی میں پختہ ہوجائیں تو پھر ان پر حکومت کرنا آسان ہوجاتا ہے یہ نصاب تعلیم دراصل ایک تیزاب ہے اور اس کی خاصیت یہ ہے کہ انسان خودی تو کیا چیز ہے؟ سونے کا پہاڑ بھی مٹی کا ڈھیر ہو جائیگا انگریزوں نے اسی نظام ونصاب تعلیم کی بدولت مسلمانوں کی خودی کو فنا کر دیا. چنانچہ سو سال میں یہ حالت ہوگئی ہے کہ پاکستان بن جانے کے بعد بھی ہماری خودی بدستور مردہ ہے. اور ہماری حکومت، تعلیم تجارت معاشرت معشیت اور تہذیب غرضکہ زندگی کے کسی شعبہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ہر بات میں وہی انگریزیت جلوہ گر ہے چنانچہ ہم اردو کے بجائے انگریزی زبان اور قومی لباس کے بجائے انگریزی لباس اور مسجد کے بجائے کلب کو عزت کی نظر سے دیکھتے ہیں اور ہماری عورتوں کا مردوں سے بدتر ہے.
واضح ہو کہ جو بات اقبال نے پانچ شعروں میں واضح کی ہے مرحوم اکبر الہ آبادی نے صرف ایک شعر میں بیان کر دی ہے اور سچ یہ ہے کہ معنویت اور تاثیر کے لحاظ سے ان کا یہ ایک شعر، اقبال کی پوری نظم سے کم نہیں ہے.

یوں قتل سے بچوں کے وہ بد نام نہ ہوتا
افسوس کے فرعون کو کالج کی نہ سوجھی!

%d bloggers like this:
search previous next tag category expand menu location phone mail time cart zoom edit close