(Bang-e-Dra-111) (نصیحت) Nasihat

نصیحت

میں نے اقبال سے از راہ نصیحت یہ کہا
عامل روزہ ہے تو اور نہ پابند نماز

تو بھی ہے شیوہ ارباب ریا میں کامل
دل میں لندن کی ہوس، لب پہ ترے ذکر حجاز
ارباب ريا: ریا کار لوگ۔
جھوٹ بھی مصلحت آمیز ترا ہوتا ہے
تیرا انداز تملق بھی سراپا اعجاز
تملق: خوشامد۔
ختم تقریر تری مدحت سرکار پہ ہے
فکر روشن ہے ترا موجد آئین نیاز
مدحت: خوشامدی تعریف۔
موجد: ایجاد کرنے والا۔
در حکام بھی ہے تجھ کو مقام محمود
پالسی بھی تری پیچیدہ تر از زلف ایاز
مقام محمود: پسندیدہ مقام۔
اور لوگوں کی طرح تو بھی چھپا سکتا ہے
پردہ خدمت دیں میں ہوس جاہ کا راز
ہوس جاہ: دنیاوی جاہ و جلال کی خواہش۔
نظر آجاتا ہے مسجد میں بھی تو عید کے دن
اثر وعظ سے ہوتی ہے طبیعت بھی گداز

دست پرورد ترے ملک کے اخبار بھی ہیں
چھیڑنا فرض ہے جن پر تری تشہیر کا ساز
تشہير: شہرت۔
اس پہ طرہ ہے کہ تو شعر بھی کہہ سکتا ہے
تیری مینائے سخن میں ہے شراب شیراز
طرہ: اس سے بڑھ کر۔
جتنے اوصاف ہیں لیڈر کے، وہ ہیں تجھ میں سبھی
تجھ کو لازم ہے کہ ہو اٹھ کے شریک تگ و تاز

غم صیاد نہیں، اور پر و بال بھی ہیں
پھر سبب کیا ہے، نہیں تجھ کو دماغ پرواز

عاقبت منزل ما وادی خاموشان است
حالیا غلغلہ در گنبد افلاک انداز
آخر شب کو مرنا ہے اور مردہ لوگوں کی وادی میں پہنچنا ہے لہذا اس گنبد افلاک کے نیچے کچھ تو ہنگامہ کرنا چاہيے ۔ (الطاف حسین حالی)

Comments are closed.

Blog at WordPress.com.

Up ↑

%d bloggers like this: